بھٹکل:26؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے پرورگا میں اتوار کو ہونےو الی نابالغ لڑکی کی شادی کو محکمہ اطفال فلاح و بہبودی کے افسران روکنے میں کامیاب ہوگئےہیں۔
مصدقہ خبر پر محکمہ اطفال فلاح و بہبودی کی افسر سوشیلا ، شاردااپنے عملے کے ساتھ بھٹکل شہری پولس تھانہ پی ایس آئی ہنومنت کوڈگونٹی اور دیگر پولس عملے کے تعاون سے پرورگامیں دلہن کے گھر پہنچ کر دلہن کا آدھار کارڈ لے کر عمر کے متعلق پوچھ تاچھ کی۔ آدھار کارڈ کے مطابق لڑکی کی عمر 15سال 8مہینے ہوتی ہے، جو قانون کے مطابق شادی نہیں کرسکتی ۔ افسران نے گھروالوں کو متنبہ کیا کہ اگر قانون کی خلاف ورزی کرتےہوئے شادی رچائی گئی تو سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
دلہن کی ماں اور گھروالوں نے افسران کی بات ماننے سے انکار کرتےہوئے افسران کو مطمئن کرنےکی کوشش کی اور کہاکہ لڑکی کی عمر 18برس ہے۔ تو افسران نے پوچھا کہ 18برس مکمل ہونے کا کوئی ثبوت ہوتو پیش کریں۔ جس پر گھر والوں نے خاموشی اختیار کرتےہوئے کہاکہ فی الحال ہمارے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں، گھر والوں نے سمجھانے کی کوشش کی کہ ۔اس وقت ہمیں اچھا رشتہ ملا ہے، اس لئے شادی کی اجازت دی جائے مگر آفسران کے سمجھانے کے بعد لڑکی کی ماں نے افسران کو تیقن دیا کہ وہ لڑکی کی 18سال عمر ہونےکے بعد ہی شادی کرے گی۔ افسران نے والدہ کی طرف سے تحریری قرار نامہ حاصل کی پھر وہاں سے چلے گئے۔